ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سبرامنیم سوامی کو لگا جھٹکا، عدالت کا ’رام مندر‘ میں پوجا کی عرضی پر جلد سماعت سے انکار

سبرامنیم سوامی کو لگا جھٹکا، عدالت کا ’رام مندر‘ میں پوجا کی عرضی پر جلد سماعت سے انکار

Wed, 04 Jul 2018 12:22:55    S.O. News Service

نئی دہلی،4؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کے شعلہ بیان لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے ایودھیا کے رام مندر میں پوجا کے حق کو نافذ کرنے کے لیے داخل اپنی ایک عرضی کو سماعت کے لیے فوری طور پر فہرست بند کرنے کی گزارش سپریم کورٹ سے کی تھی لیکن عدالت نے اس پر جلد سماعت سے انکار کر دیا ہے۔

عدالت نے سبرامنیم سوامی سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کا تذکرہ بعد میں کریں۔دراصل ایودھیا معاملے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس دیپک مشرا، جسٹس اے ایم کھانولکر اور جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی بنچ نے منگل کے روز سبرامنیم کی رام مندر میں پوجا کرنے سے متعلق داخل عرضی کو الگ کر دیا۔ اس عرضی میں سوامی نے کہا تھا کہ ملکیت کے حق کو لے کر میرا مقدمہ نہیں ہے لیکن پوجا کرنے کا حق تو مجھے ہے۔ انھوں نے عرضی میں مزید کہا تھا کہ ہر ہندو کو اس کا حق ہے اور پوجا کا حق ملکیت کے حق سے بالا تر ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ 14 مارچ سے ایودھیا کے بابری مسجد۔ رام جنم بھومی اراضی تنازعہ معاملہ پر روزانہ سماعت کر رہی ہے۔ عدالت عظمیٰ واضح کر چکی تھی کہ وہ اس معاملے کو عقیدت کی طرح نہیں بلکہ زمینی تنازعہ کے طور پر دیکھے گی۔ عدالت کی بنچ الٰہ آباد ہائی کورٹ کے 2010 کے فیصلے کے خلاف داخل 13 عرضیوں پر سماعت کر رہی ہے۔ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں ایودھیا میں 2.77 ایکڑ کی اس متنازعہ زمین کو اس تنازعہ کے تینوں فریق سنی وقف بورڈ، نرموہی اکھاڑا اور بھگوان رام للا کے درمیان تقسیم کرنے کا حکم دیا تھا۔

بہر حال، عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد سبرامنیم سوامی کا کہنا ہے کہ ’بعد میں‘ لفظ بہت ہی وسیع معانی والا ہے اور وہ 15 دن بعد پھر سے اس عرضی کو عدالت کے سامنے رکھیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ عدالت عظمیٰ سوامی کی ایسی ہی عرضی کو پہلے بھی نامنظور کر چکی ہے۔


Share: